بھٹکل:18/مارچ (ایس او نیوز) دوسال قبل کرناٹک کے وزیراعلیٰ سدرامیا نے بھٹکل تنظیم کے صد سالہ جشن کے موقع پر ہزاروں لوگوں کے روبرو وعدہ کیا تھا کہ بھٹکل میں ڈرینج سسٹم کی بحالی کے لئے دو سو سے زائد کی جو رقم درکار ہے، اُسے وہ منظور کریں گے، مگر بعد میں بجٹ میں بھٹکل کے تعلق سے کسی طرح کا اعلان نہ کئے جانے پر بھٹکل کے عوام میں نہ صرف مایوسی بلکہ ناراضگی پائی جارہی تھی، مگر اب اس تعلق سے منکال وئیدیا نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعلیٰ سدرامیانے بھٹکل کے اندرونی نالیوں کی تعمیر کے لئے دو سو کروڑ روپئے منظور کئے ہیں اور بھٹکل کے عوام کے ساتھ کیا ہوا اپنا وعدہ پورا کرلیا ہے۔
منکال وئیدیا کے مطابق گذشتہ روز ریاستی وزیرا علیٰ سدرامیا کی طرف سے پیش کئے گئے بجٹ میں پانی سپلائی اور اندرونی نالیوں (ڈرینج) کے کاموں کے لئے کل 865.41کروڑ روپئے مختص کئے جانے کا اعلان کیا گیا تھا، اُسی میں بھٹکل شہری حدود میں اندرونی نالیوں کی تعمیر کے لئے 200کروڑ روپئے بھی شامل ہیں، جسے وزیراعلیٰ سدرامیا نے منظور کرتے ہوئے اپنے وعدہ کو وفا کردیا ہے۔
اس سلسلے میں وضاحت کرتے ہوئے رکن اسمبلی منکال وئیدیا نے بتایا کہ بجٹ میں بھٹکل کے اندرونی نالیوں کے متعلق کوئی علاحدہ اعلان نہ کئے جانے پر عوام غلط فہمی کا شکار ہوئے تھے، مگر بجٹ میں ریاست کے کل 13اندرونی نالیوں اور 14پینےکے پانی سپلائی کے کاموں کے لئے جملہ امداد فراہم کی گئی ہے۔ بھٹکل رکن اسمبلی نے بھٹکل میں ڈرینج سسٹم کی تعمیر کے لئے دو سو کروڑ روپئے منظور کئے جانے پر بھٹکل کے عوام کی طرف سے وزیر اعلیٰ سدرامیا کا شکریہ بھی ادا کیا ہے۔